لاہور ـ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں اپنے امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ کامیابی کو یقینی بنا نے کے لئے اپنی الیکشن سٹریٹجی کے تحت صوبائی دارلحکومت میں بیک وقت مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی سے 36یونین کونسلوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی ہے ۔ جماعت اسلامی کے بعض امیدوار آزاد حیثیت سے بھی الیکشن لڑیں گے جبکہ 14یونین کونسلوں میں جماعت اسلامی کے امیدوار اپنے انتخابی نشان ترازو پر الیکشن لڑیں گے اور ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں سے مقابلہ کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی لاہور نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کل 36یونین کونسلوں میں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کر لی ہے اس میں جماعت نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مختلف 22یونین کونسلوں اور تحریک انصاف کے ساتھ مختلف 14یونین کونسلوں میں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کر لی ہے ۔اسی طرح سے جماعت اسلامی کے 10یونین کونسلوں میں امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے جبکہ مختلف 14یونین کونسلوں میں جماعت اسلامی کے امیدوار اپنی جماعت کے انتخابی نشان تراوزو پر الیکشن لڑیں گے اور ان یونین کونسلوں میں جماعت اسلامی کے یہ امیدوار پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مقابلہ کریں گے ۔ جماعت ا سلامی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عبدالعزیز عابد کا کہنا ہے کہ یہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہر یونین کونسل کی مقامی سیاسی صورت حال کو سامنے رکھ کر کی گئی ہے۔